لکھنؤ ، 2/ اکتوبر(ایس او نیوز/ایجنسی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے قومی صدر و سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اتوار کو کہا کہ سال 2024 کا لوک سبھا الیکشن ملک کیلئے انقلابی ہوگا- مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی تو ملک بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے اصولوں اور ان کے بتائے گئے راستوں پر چلے گا- لیکن اگر پیچھے رہ گئے تو بی جے پی آئین تبدیل کرکے نہ جانے کس راستے پر لے جائے گی-
یادو نے آج یہاں لکھنؤ، گومتی نگر کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں سابق ایم ایل اے نیرج موریہ کے ذریعہ لکھی گئی کتاب'دلت اور پچھڑوں کے ووٹوں سے ستہ' کے رسم اجرائی کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ہزار سال پہلے جو ذات نظام آیا اسی سے سماج میں دوریاں پیدا ہوئیں - وقت وقت پر بزرگوں نے سماجی اصلاحات کیلئے کام کیا-مہاتما جیوتی با پھولے، شاہو جی مہاراج، پیریار، بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، کانشی رام، ڈاکٹر رام منوہر لوہیا، نیتا جی نے سماج کو بیدار کرنے اور بیداری بڑھانے کا کام کیا- ہمیں توقع ہے کہ جس وقت سماج پڑھ لکھ جائے گا- ذاتیں ٹوٹیں گی - جس وقت سماج خوشحال ہوجائے گا ہر ذات ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہوجائے گی-
انہوں نے کتابیں لکھنے کیلئے موریہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سماج میں تبدیلی آرہی ہے لیکن جتنا ہونا چاہئے اتنا نہیں ہوا- بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے سماج کو بیدار کرنے کا کام کیا- ڈاکٹر رام منوہر لوہیا نے ذات توڑو مہم چلائی- ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے اصولوں پر چل کر ہی سماج کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے تعلیم سے علم میں اضافہ ہوگا- وہیں جدوجہد سے خوشحالی آئے گی-اس سے تفریق کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے -
یادو نے کہا کہ پچھڑے اور دلتوں نے طاقت دے کر مرکزی میں این ڈی اے کی حکومت بنائی تھی- بی جے پی حکومتوں نے انہیں طبقات کا استحصال کیا- پسماندہ اور دلت چھوڑ دیں گے تو این ڈی اے کہیں نہیں بچے گی- انہوں نے کہا کہ پچھڑوں - دلتوں کو آگے بڑھانے کے لئے سرکاری اداروں کومضبوط اور اہل بنانا پڑے گا- پرائمری اسکولوں میں پچھڑے اور دلت سماج کے بچے پڑھتے ہیں -
اسکولوں کی حالت بے حد خراب ہے - ریاست میں تین ہزار پرائمری اسکول بند ہوگئے ہیں - اسی طرح سے سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لئے سب سے زیادہ غریب لوگ جاتے ہیں - انہوں نے کہا کہ ہمیں سرکاری اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا- ہم سرکاری میں آئیں گے تو سرکاری اداروں کو اچھا اور مضبوط بنائیں گے -